Aug ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  • روس یوکرین جنگ؛ پوتین اور ٹرمپ کی ٹیلی فونی گفتگو

روسی اور امریکی صدور نے چالیس منٹ کی ٹیلیفونی گفتگو کے دوران ولودیمیر زیلنسکی اور یورپی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی بات چیت کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا اور یوکرین کے بحران کے حل اور دیگر اہم امور پر بات چیت کے لیے رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

سحرنیوز/دنیا: تاس خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان  ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران، امریکی صدر نے اپنے روسی ہم منصب کو، یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی اور متعدد یورپی رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت کے نتائج سے آگاہ کیا۔ روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ پوتین اور ٹرمپ نے مستقبل میں یوکرینی تنازع کے حل سمیت اہم معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گفتگو کی خاص بات یہ ہے کہ ولادیمیر پوتین اور ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ دنوں میں بھی یوکرین کے مسائل اور دو طرفہ و بین الاقوامی اہم امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے یوکرین اور روس کے صدور کی ملاقات کروا سکتے ہیں۔ امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے بعد سربراہی اجلاس کے لیے انتظامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹیگس