Sep ۲۵, ۲۰۲۵ ۲۳:۵۹ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتا ہوں: چِلی کے صدرگیبریل بورِک

چِلی کے صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میزائل سے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے چیتھڑے اڑتے دیکھنا نہیں چاہتے بلکہ انہیں عالمی عدالتِ انصاف کے کٹہرے میں کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق چِلی کے صدرگیبریل بورِک نے جمعرات کو نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ میزائل کے ذریعہ اسرائيلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے چیتھڑے اڑتے دیکھنا نہیں چاہتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ نیتن یاہو کو عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی سی) کے سامنے پیش کیا جائے۔

چِلی کے صدرگیبریل بورِک نے اپنے خطاب میں غزہ پٹی میں جاری حالات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے غزہ کی صورت حال کو صرف ایک علاقائی بحران نہیں بلکہ انسانیت کا بحران قرار دیا۔

رپورٹوں کے مطابق فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضہ ختم کرنا ہوگا اور یہ کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا کوئی حق نہیں ہے۔

الیگزینڈر اسٹب نے اپنے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے منشور میں درج خود مختاری، انسانی حقوق اور بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 

فن لینڈ کے صدر نے مزید کہا کہ غزہ کا انسانی بحران ناقابل برداشت حد تک پہنچ گیا ہے اور یہ بین الاقوامی نظام کی ناکامی کی علامت ہے۔

 

ٹیگس