ٹرمپ اور شی پن جنگ کی ملاقات بے نتیجہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i456848-ٹرمپ_اور_شی_پن_جنگ_کی_ملاقات_بے_نتیجہ
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹر نے نیویارک میں امریکی اور چینی صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور شی پن جنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بے نتیجہ قرار دیا ہے۔
(last modified 2026-10-18T22:38:52+00:00 )
Sep ۲۵, ۲۰۲۶ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ اور شی پن جنگ کی ملاقات بے نتیجہ

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹر نے نیویارک میں امریکی اور چینی صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور شی پن جنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بے نتیجہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: مذکورہ خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ کے شاندار استقبال کے باوجود دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مصنوعی ذہانت، تجارت، تائیوان اور ایران کے خلاف جنگ جیسے حساس معاملات پر پیش رفت کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔

رپورٹ کے مطابق بات چیت کے دوران، شی جن پنگ نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ "تائیوان کی آزادی" کی مخالفت کرے، جو دونوں ممالک کے درمیان حساس ترین مسائل میں سے ایک ہے۔

رائٹر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ توقع کی جا رہی تھی کہ شی پن جنگ ٹرمپ پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت روک دیں۔

مئی میں اپنے دورۂ چین کے بعد، ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے تائیوان کے لیے تقریباً 14 بلین ڈالر مالیت کا اسلحہ پیکیج معطل کر دیا ہے اور اسے بات چیت کا بہت اچھا "ذریعہ" قرار دیا۔ اس اقدام نے ایشیا میں کچھ امریکی اتحادیوں اور یہاں تک کہ کچھ ریپبلکن ساتھیوں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا تھا کہ وہ معاشی فوائد کے بدلے تائیوان سے متعلق امریکی حمایت کو کم کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت کے بارے میں شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت میں ہونے والی پیش رفت ہمیشہ انسانی کنٹرول میں رہے گی۔

ایران پر دباؤ ڈالنے کے بارے میں رائٹر نے لکھا ہے کہ اس بات کے بہت کم آثار ہیں کہ چین ایران پر امریکی مطالبات منوانے کی غرض سے دباؤ ڈالنے کے لیے تیار ہوگا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel