امریکہ: ریاست وسکونسن میں طیارہ حادثہ، 6 افراد کی موت
امریکی ریاست وسکونسن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ منگل کی رات 13 اکتوبر کو ساؤک کاؤنٹی کے علاقے ڈی لونا میں پیش آیا۔
سحرنیوز/دنیا: امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ساؤک کاؤنٹی ڈسپیچ سینٹر کو رات تقریباً 9 بج کر 31 منٹ پر طیارہ گرنے کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی اہلکاروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ پائپر پی اے 46 تھا، جو کینوشا سے مینومونی کی جانب واپسی کے سفر پر تھا۔ طیارے پر ایک بچہ اور پانچ بالغ افراد سوار تھے تاہم امدادی اہلکاروں کو جائے حادثہ پر تمام چھ افراد مردہ حالت میں ملے۔
خبروں کے مطابق طیارے کا ملبہ ڈی لونا کے علاقے میں پارک لین کے شمال اور ہیروِگ روڈ کے مغرب میں واقع گھنے جنگلاتی علاقے سے ملا۔ حادثے کے نتیجے میں زمین پر موجود کسی شخص کے زخمی ہونے یا عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
تفتیش کاروں کے مطابق حادثے سے قبل طیارہ قریبی ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور سے رابطے میں تھا۔ تفتیش کار اس رابطے اور پیغامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ حادثے سے پہلے صورت حال کیا تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel