Jan ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سردی سے بچنے کے لئے انگیٹھی جلائی، 5 کی موت، انگیٹھی اور ہیٹر استعمال کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

ہندوستان اور پاکستان کے بہت سے علاقوں میں سردی کا موسم عروج پر ہے اور کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ بہت سے لوگ سردی سے بچنے کے لئے روم ہیٹر یا پھر روایتی انگیٹھی کا استعمال کرتے ہیں لیکن ان چیزوں کا غلط استعمال بعض اوقات انسان کی جان بھی لے لیتا ہے۔ جیسا کہ ضلع امروہہ کے ایک گاؤں میں 9 جنوری کی رات کو ایک دردناک واقعہ ہوا۔

سحر نیوز/ سماج: ذرائع ابلاغ سے ملنے والی خبروں کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے بہت سے علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں اور سخت سرد لہر چل رہی ہے۔ سردی سے بچنے کے لئے لوگ مختلف طریقے اپناتے اور اختیار کرتے ہیں، خاص طور سے رات کو سوتے وقت رضائی گدے اور کمبل وغیرہ کا تو استعمال کرتے ہی ہیں، کمرے کو گرم رکھنے کے لئے ہیٹر اور انگیٹھی کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ ان چیزوں سے سکون ملتا ہے لیکن بعض اوقات ان چیزوں کا استعمال صحیح طریقے سے نہ کرنے کی بنا پر ہماری جان کے لئے خطرناک بھی ہوجاتا ہے۔

ابھی حال ہی میں ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے امروہہ ضلع میں اسی طرح کا ایک دردناک واقعہ رونما ہوا۔ اطلاعات کے مطابق امروہے کے ایک گاؤں میں 9 جنوری کی رات کو ایک خاندان کے 7 افراد سوئے لیکن اگلی صبح صرف دو افراد ہی ان میں سے زندہ بچے۔

کیا وجہ رہی؟ بتایا جاتا ہے کہ یہ لوگ اپنے کمرے میں انگیٹھی جلا کر سوئے لیکن جب اگلے دن اٹھے تو 5 افراد روح پرواز کرچکی تھی۔ لکھیم پور کھیری میں بھی اسی طرح کے ایک واقعے میں 2 بچوں کی جان چلی گئی۔ پولس کے مطابق ابتدائی طور پر موت کی وجہ آکسیجن کی کمی ہو سکتی ہے۔

روم ہیٹر اور انگیٹھی استعمال کرتے وقت کیا کیا احتیاط برتنی چاہئے؟

·      انگیٹھی/ روم ہیٹر کا زیادہ استعمال نہ کریں۔

·      انگیٹھی/ روم ہیٹرکو بند کمرے میں جلانے سے پرہیز کیا جائے۔

·      انگیٹھی/ روم ہیٹرکا استعمال کرتے وقت کھڑکی دروازے تھوڑے سے کھلے رکھیں۔

·      انگیٹھی/ روم ہیٹر کے ذریعہ کمرہ گرم کرلیں اور سونے سے پہلے ان چیزوں کو بند کردیں یا آٹومیٹیک ٹائمر والے ہیٹر کا استعمال کریں۔

·      انگیٹھی/ روم ہیٹرکو بچوں کی دسترس سے دور رکھیں۔

·      روم ہیٹر بنانے والی کمپنی نے جو ہدایات دی ہیں ان پر عمل کریں۔

·      ایسا روم ہیٹر استعمال کریں جس میں ہیومڈی فائر لگا ہوا ہو۔

·      بند جگہوں میں انگیٹھی کا استعمال بالکل نہ کریں۔

 

ٹیگس