متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی اپیل پرہڑتال
سنیکت کسان مورچہ کے مطابق ملک گیر ہڑتال آج جمعہ 26 مارچ کو صبح 6 بجے سے شروع ہو گی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
ہندوستان میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی اپیل پرآج عام ہڑتال ہے اور کئی بڑے شہروں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں۔ کسان کئی علاقوں میں سڑکیں اور ٹرینیں روک کر احتجاج کر رہے ہیں تاہم کسانوں کا کہنا ہے کہ ان کا یہ احتجاج مکمل پر امن ہے لیکن اس کے باوجود سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
کسانوں کو ٹریڈ یونین اور تاجرتنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ جبکہ وکلا برادری، طلبا اور اپوزیشن بھی کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دوسری جانب ملک میں آٹھ کروڑ کاروباریوں کی نمائندگی کا دعوی کرنے والی کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرزنے کہا ہے کہ 26 مارچ کو بازار کھلے رہیں گے کیونکہ وہ ہڑتال میں شامل نہیں ہے ۔
واضح رہے کہ لاکھوں کسان دہلی کے ارد گرد غازی پور، سنگھو اور ٹکری باررڈ پر موجود ہیں۔ مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک ڈٹے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستانی کسان 3 متنازع قوانین کی واپسی کے لیے 26 نومبر سے احتجاج کررہے ہیں۔