Jun ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کیا

ہندوستان نے یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے ملک میں سیاسی بات چیت شروع ہوگی جس سے امن، سلامتی اور استحکام آئے گا۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ارِندم باغچی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہم یمنی تنازعے میں شامل تمام فریقوں کے درمیان موجودہ جنگ بندی کو مزید دو ماہ تک بڑھانے کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یمن میں گزشتہ دو ماہ کے دوران تشدد میں کمی اور اقوام متحدہ کی پہل پر پہلی براہ راست میٹنگ کو دیکھ کر بہت پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ پیشرفت فریقین کے درمیان مزید سیاسی بات چیت کا باعث بنے گی اور تنازع کا خاتمہ کرکے یمن میں امن، سلامتی اور استحکام لائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ یمن کو مارچ دوہزار پندرہ سے سعودی عرب اور اسکے اتحاد کی بہیمانہ جارحیت کا سامنا ہے اور اس دوران اب تک سعودی اتحاد کے براہ راست حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسی فیصد سے زائد ملک کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اس وقت یمن کو صدی کے بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔

یمنی حکومت و عوام اب تک کئی بار، جنگ کو رکوانے میں ناکام اقوام متحدہ کے کردار کو ہدف تنقید بنا چکے ہیں۔ 

ٹیگس