پاکستان اور ہندوستان کے مابین اختلافات کی برف پگھل رہی ہے؟
موصولہ خبریں یہ بتاتی ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان آپسی تعلقات کے سلسلے میں کچھ نرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان سے تعلقات معمول پر لانے کا خواہاں ہے۔
نریندرمودی حکومت کے مشیر اجیت ڈوول نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کس سے کب امن کی بات کرنی ہے، فیصلہ ہم کریں گے۔
ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا بیان ایسے میں سامنے آیا ہے کہ چند روز قبل کراچی میں 5 سال سے قید 20 ہندوستانی ماہی گیروں کو حکومتِ پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا تھا۔
ان ماہی گیروں کو جون 2018ء میں پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور بلا اجازت ماہی گیری کرنے کے الزام میں سرکاری اداروں نے گرفتار کیا تھا۔