Sep ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کو سی بی آئی اور ای ڈی کی کلین چٹ

ہندوستان کی مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے بعد، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی دہلی کے نائب وزیر اعلا منیش سیسودیا کو کلین چٹ دے دی ۔

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سینیئر ترجمان اور ریاستی اسمبلی کے رکن سوربھ بھاردواج نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سی بی آئی نے مسٹر سیسودیا کے گھر پر چھاپے میں چودہ گھنٹے تک تفتیش اور چھان بین کی لیکن اس کو کچـھ نہ ملا اور بی آئی نے مسٹر سیسودیا کو کلین چٹ دے دی۔

انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کے بعد آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی مسٹر سیسودیا کو کلین چٹ دے دی۔

عام آدمی پارٹی کے سینیئر ترجمان نے دہلی حکومت کے خلاف بی جے پی کی مہم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی لڑائی بد عنوانی کے خلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں ہر ہوٹل میں شراب دستیاب ہے، کچی شراب ہر گاؤں میں بنتی اور گزشتہ دنوں ستر سے زائد لوگ جعلی شراب پینے سے ہلاک ہو گئے، لیکن نہ سی بی آئی کا مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی ای ڈی نے کہیں چھاپہ مارا۔

سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی مہم بد عنوانی کے خلاف نہیں بلکہ دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال کے خلاف ہے۔

 

ٹیگس