ہندوستان میں ایک پولیس یونیفارم کی تجویز
ہندوستان میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ملک ایک پولیس یونیفارم کی تجویز پیش کی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کو ریاستی وزرائے داخلہ کے ایک اجلاس سے اپنے خطاب میں ایک قوم ایک پولیس یونیفارم کی تجویز پیش کی ۔ نریندر مودی نے کہا کہ جس طریقے سے ایک ملک ایک راشن کارڈ کا انتظام کیا گیا اسی طرز پر ایک ملک اور ایک پولیس یونیفارم کے نظریئے پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے پورے ملک کی پولیس کو فائدہ ہوگا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ پورے ملک کی پولیس کی ایک یونیفارم سے ایک تو ان کی شناخت یقینی ہوگی اور دوسرے ان کا معیار بڑھے گا اور پولیس کی طاقت بڑھے گی۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے اپنے اس خطاب میں سماج دشمن طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان قوتوں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی ۔
انھوں نے یہ بات ایسی حالت میں کہی ہے کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت، تشدد اور سماج دشمن سرگرمیوں میں اضافے کو، بھارتیہ جنتا پارٹی کی سماج میں مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر نفرت پھیلانے کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتی ہے۔