ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی پھرعروج پر،عوام کا جینا دو بھر ہوگیا
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئ ہے۔
سحر نیوز : ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق منگل کو صبح ساڑھے آٹھ بجے دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خطرناک نوٹ کی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق دہلی کے علاقے نریلا میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح پانچ سو اکہتر ریکارڈ کی گئی جبکہ کئی علاقوں میں یہ سطح چار سو سے اوپر تھی جو انتہائی خطرناک سمجھی جاتی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق دہلی میں آلودگی بڑھ جانے سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں این سی آر میں تین دن سے اسموگ اور دھند کی گہری تہہ دیکھی جارہی ہے اور عنقریب اس سے راحت کی کوئی امید نظر نہیں آتی ہے۔
دہلی سے ہی ایک خبر یہ بھی ہے کہ جوتے بنانے کی ایک فیکٹری میں آگ لگ جانے سے کم سے کم دو افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ دہلی کے صنعتی علاقے نریلا میں ایک جوتا فیکٹری کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی۔ اس واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ آخری اطلاع ملنےتک آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دہلی کو آلودگی اور خراب ائیرکوالٹی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔