Nov ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جاری، یاترا کاروان ریاست تلنگانہ سے گزر رہا ہے۔
    ہندوستان میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جاری، یاترا کاروان ریاست تلنگانہ سے گزر رہا ہے۔

ہندوستان میں کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کے ستاون دن مکمل ہوگئے ہیں ۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ریاست تلنگانہ سے گزرہی ہے ۔ جمعرات کو راہل گاندھی اور ان کی بھارت جوڑو یاترا میں شریک لوگوں نے ریاست تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں اپنی یاترا جاری رکھی ۔

جمعرات تین نومبر کو راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا میں ہندوستانی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمیرل رام داس نے بھی شرکت کی ۔راہل گاندھی کی اس یاترا میں علاقے کے عوام کی بڑی تعداد بھی شریک ہے جبکہ تھوڑی تھوڑی دور پر ان کی یاترا کے استقبال کے لئے اسٹیج بھی بنائے گئے ہیں ۔

یاترا کے راستے میں راہل گاندھی نے ریاست کے دانشوروں، فنکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات بھی کی۔

قابل ذکرہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ستاون دن قبل تامل ناڈو کے علاقے کنّیا کماری سے شروع ہوئی اور تامل ناڈو، کرناٹک اور آندھرا پردیش سے گزرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں داخل ہوئی ہے ۔ پروگرام کے مطابق اس یاترا میں کنیا کمار سے سرینگر تک کی تقریبا ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کی مسافت پانچ ماہ میں طے کی جائے گی ۔

کانگریس پارٹی نے اس یاترا کا مقصد سماج سے نفرت ختم کرکے بھائی چارے اور قومی یک جہتی کو مضبوط کرنا بتایا ہے۔

ٹیگس