Nov ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۴:۰۸ Asia/Tehran
  • ٹی 20 فائنل: پاکستان انگلینڈ میچ کے دوران کشمیر اور بہار کے طلبہ میں جھڑپ

ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ فائنل میچ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ کے دوران ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کشمیری اور بہاری طلبہ کے درمیان جھڑپ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز آسٹریلیا میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ٹی 20 کے فائنل میچ کے دوران ریاست پنجاب کے شہر موگا کے انجینیئرنگ کالج میں دو طلبہ گروپوں میں بحث چھڑ گئی جو جھڑپ میں تبدیل ہوگئی۔ ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق موگا شہر کے لالہ لاجپت رائے کالج کے جموں و کشمیر اور بہار کے طلبہ میں جھڑپ ہوئی اور پتھراؤ بھی ہوا جس کے نتیجے میں کئی طلبہ زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے انگلینڈ پاکستان فائنل میچ کے دوران کالج کے ہاسٹل میں 60-70 طلبہ میچ دیکھ رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چل رہے مقابلہ کے درمیان جموں و کشمیر اور بہار کے طلبہ میں بحث شروع اور ماحول میں تلخی پیدا ہوگئی۔

بتایا جاتا ہے کہ اسی درمیان ہاسٹل کے باہر طلبہ میں پتھراؤ شروع ہوگیا، جس میں کئی طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔ پتھراؤ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی جائے واقوعہ پر پہنچ گئی اور پولیس نے کچھ زخمی طلبہ کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا۔ اس کالج میں نو سو سے ایک ہزار تک طلبہ ہیں، جن میں پانچ سو کے قریب طلبہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم دنیا کی واحد ٹیم بن گئی ہے جس نے صرف 3 سال کے عرصے میں دو ورلڈ کپ جیتے ہیں۔ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سال 2019 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اب 2022 کا ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ بھی انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے نام کرلیا ہے۔

 

ٹیگس