Nov ۳۰, ۲۰۲۲ ۲۱:۲۴ Asia/Tehran
  • فیروزآباد، قصبہ پاڑھم
    فیروزآباد، قصبہ پاڑھم

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں ہونے والے دو الگ الگ حادثوں میں 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ایک حادثہ منگل کی دیر شام فیروزآباد ضلع کے پاڑھم قصبے میں رونما ہوا جس میں ایک مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ علاقے کے ایس ایس پی کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں کل 9 افراد تھے، تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی بھی اطلاعات ہیں۔

دوسرا حادثہ بہرائچ میں بدھ کو صبح سویرے ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا اور اس حادثے میں بھی 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بدھ کے روز تپسیپا گاؤں کے قریب بہرائچ لکھنؤ ہائی وے پر اتر پردیش روڈ ویز کی ایک بس ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

لکھنؤ بہرائچ ہائی وے پر حادثہ

 

اس حادثے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ٹرک ڈرائیور ٹرک کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش میں ہے۔

 

ٹیگس