Feb ۲۳, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سینیئر کانگریسی لیڈر پون کھیڑا کو ضمانت

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے سینیئر لیڈر پون کھیڑا کو سپریم کورت کی طرف سے ضمانت مل گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے کانگریس کے قومی ترجمان اور سینیئر لیڈر پون کھیڑا کو عبوری ضمانت اور منگل تک ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔

اس سے پہلے آج دوپہر کے وقت پون کھیڑا کو دہلی ہوائی اڈے پر اچانک گرفتار کرلیا گیا تھا جس پر ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ پون کھیڑا اپنی پارٹی کے دوسرے لیڈران اور کارکنان  کے ساتھ 24 سے 26 فروری تک منعقد ہونے والے کانگریس کے اجلاس میں شرکت کے لئے چھتیس گڑھ کے صدر مقام رائے پور جا رہے تھے کہ اسی وقت ان کو ہوائی جہاز کے اتار کر گرفتار کرلیا گیا۔  

طیارے سے اتارے جانے کے بعد پون کھیڑا اور دیگر کانگریسی رہنما اور کارکنان ہوائی اڈے پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے جس کے بعد دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس پون کھیڑا کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کرنے جار رہی تھی لیکن اسی دوران کانگریس کے لیڈر اور وکیل ابھیشیک منو سنگھوی سپریم کورٹ پہنچے جہاں سپریم کورٹ کی طرف سے مجسٹریٹ عدالت سے پون کھیڑا کو عبوری ضمانت دینے کو کہا گیا۔

اطلاعات کے مطابق شام 6 بج کر 10 منٹ پر ضمانت کی کاپی مجسٹریٹ کے پاس پہنچنے کے بعد پون کھیڑا کو رہا کردیا گیا۔

کانگریس رہنما پون کھیڑا پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف توہین آمیز بیان دیا ہے۔ آسام اور اترپردیش میں پون کھیڑا کے خلاف 3 ایف آئی آر درج ہیں اور آج دہلی ہوائی اڈے پر آسام پولیس نے دہلی پولیس کے تعاون سے انہیں گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب کانگریس پارٹی نے پون کھیڑا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے آمریت قرار دیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ موجودہ بی جے پی حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

 

 

ٹیگس