Jun ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۷:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ اڈیشہ ٹرین حادثہ میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد 1200 کے قریب پہنچ گئی

ہندوستان کی ریاست اڈیشہ میں جمعے کی شام ہوئے بھیانک ٹرین حادثہ میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد بارہ سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اڈیشہ میں ایک مال گاڑی اور ایکسپریس ٹرین میں ٹکر ہوئی جس کے بعد تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کم از کم دوسو اسی افراد ہلاک اور نوسو زخمی ہو گئے۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام ہندوستانی وقت کے مطابق تقریبا سات بج کر بیس منٹ پر رونما ہوا۔

اطلاعات کے مطابق ضلع بالاسور کے بہاناگا بازار اسٹیشن کے پاس کورومنڈل ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ایکسپریس ٹرین کے پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹرین شالیمار اسٹیشن کولکاتا سے چینئی سینٹرل اسٹیشن جا رہی تھی۔

جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیمیں تلاش، بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور اب تک تین سو مسافروں کو ٹرینوں سے نکالا جا چکا ہے جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ حادثے کی شدت اور زخمیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد وزیر ریل اور اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ وزیر ریل نےحادثے کو ایک بڑے حادثے سے تعبیر کیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق انتظامیہ نے ایک ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے اور معلومات حاصل کرنے کے لئے کئی ٹی فون نمبر جاری کئے گئے ہیں۔ اب تک بیالیس ٹرین حادثے کے سبب منسوخ جبکہ اڑتیس کا روٹ تبدیل کیا جا چکا ہے۔

محکمۂ ریلوے نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ جبکہ زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس