دہلی میں دردناک حادثہ، پانی میں ڈوب کر تین بچوں کی موت، جمنا ندی کی سطح کم ہونی شروع
شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ دہلی میں گہرے پانی میں ڈوب کر تین بچوں کی دردناک موت ہوگئی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں جمعہ کے روز شمال مغربی علاقے مُکند پور میں ایک میدان میں جمع گہرے پانی میں ڈوب کر تین بچّوں کی موت ہوگئی۔ ایک بچے کی عمر 10 سال اور باقی دو کی عمر 13-13 سال بتائی گئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مُکند پور علاقے کے ایک میدان میں بارش کا پانی کافی گہرائی تک جمع ہوگیا تھا۔ جمعہ کو سہ پہر تین بجے کے قریب یہ بچّے اس گہرے پانی میں کھیلنے لگے لیکن کھیلتے کھیلتے بچے پانی میں ڈوب گئے۔ ایک دیگر رپورٹ کے مطابق علاقے میں مبینہ طور پر میٹرو کی تعمیراتی سائٹ پر ایک گہرے گڈھے میں ڈوب کر بچوں کی موت ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک پولیس کانسٹیبل نے بچّوں کو بچانے کے لئے پانی میں چلانگ لگائی لیکن تب تک تینوں بچّوں کی موت ہوچکی تھی۔ پولیس نے بچّوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
دریں اثنا دہلی میں دریائے جمنا کی سطح میں کمی کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پرانے ریلوے پُل پر جمنا کے پانی کی سطح کم ہونی شروع ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دریائے جمنا کی سطح جمعرات کی رات کو 10 بجے 208 اعشاریہ 63 میٹر تھی جو گھٹ کر جمعہ کی رات 8 بجے 208 اعشاریہ 12 میٹر ہوگئی البتہ یہ سطح خطرے کے نشان، 205 اعشاریہ 33 میٹر، سے اب بھی اوپر ہے۔
ادھر اوکھلا واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ نے دوبارہ کام کرنا شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اوکھلا واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور بتایا کہ یہاں پھر سے کام شروع ہوگیا ہے۔