Sep ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۲:۳۹ Asia/Tehran
  • سعودی ولی عہد جی 20 اجلاس کے بعد بھی دہلی میں قیام کریں گے

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں کل سے شروع ہوئے دو روزہ جی بیس کے سربراہی اجلاس میں دیگر اہم رہنماؤں کے علاوہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی شرکت کی ہے لیکن وہ اجلاس ختم ہونے کے بعد بھی دہلی میں قیام کریں گے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں منعقد ہونے والے جی 20 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے مہمان سربراہان حسب دستور اجلاس ختم ہونے کے بعد دہلی سے رخصت ہوجائیں گے، بلکہ امریکی صدر آج صبح دہلی سے چلے بھی گئے، لیکن سعودی ولی عہد اجلاس کے اختتام کے بعد بھی دہلی میں رہیں گے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جی بیس کے سربراہی اجلاس کے بعد 11 ستمبر سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہندوستان کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ اس کی اطلاع ہندوستانی وزارت خارجہ نے ایک نوٹس میں دی ہے۔ اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 9 اور 10 ستمبر کو جی بیس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ہندوستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق محمد بن سلمان 11 ستمبر کو ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ نشست میں شرکت کریں گے۔ دونوں رہنما اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی لین دین بھی بہت اچھا ہے۔ ہندوستان سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے تو وہیں سعودی عرب ہندوستان کے لئے چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار شمار ہوتا ہے۔

 

ٹیگس