Sep ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: خواتین ریزرویشن  ترمیمی بل پارلمینٹ میں پیش

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں لوک سبھا اور اسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن دینے والے "ناری شکتی وندن" ایکٹ کو کابینہ کی منظوری کے بعد یہ آئینی ترمیمی بل آج ایوان میں پیش کیا گیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوان سے اپیل بھی کی کہ تمام پارٹیاں اس بل کو متفقہ طور پر منظور کروا کر مزید مضبوط بنائیں۔

انھوں نے یہ اعلان نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں لوک سبھا کے نئے ایوان میں اپنی افتتاحی تقریر میں کیا۔

"ناری شکتی وندن بل" (Nari Shakti Vandan Adhiniyam)

کے نام سے پیش کیے گئے اس بل میں پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کے لیے تینتیس فیصد ریزرویشن کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کے حوالہ سے کئی برسوں سے بحث و مباحثہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل بھی یہ بل سن چھیانوے میں پیش کیا گیا تھا۔ بعد میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے دور میں اس بل کو لانے کی کئی کوششیں کی گئیں لیکن اسے پاس کرنے کے لیے ضروری تعداد جمع نہیں کر سکے۔

نریندر مودی نے کہا کہ خواتین ہر میدان میں ترقی کر رہی ہیں۔ ایسے میں یہ بہت ضروری ہے کہ پالیسی سازی میں خواتین کی طاقت کا زیادہ کردار ہو۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ اگر یہ بل متفقہ طور پر قانون بن جاتا ہے تو اس کی طاقت کئی گنا بڑھ جائے گی۔

ٹیگس