Sep ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وراثت میں خواتین کے حصہ کو یقینی بنانے کے لئے مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک

شریعت کے مطابق معین وراثت میں خواتین کے حصہ کو یقینی بنانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ  تحریک چلائے گا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے وراثت میں خواتین کی حصہ داری کو یقینی بنانے کے لئے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کی ایک اہم نشست یہاں منعقد ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

ان ہی فیصلوں میں ایک اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ اصلاح معاشرہ کی تحریک کے ذریعہ پورے ملک میں وراثت کی تقسیم میں خواتین کے حصہ کو یقینی بنانے کے لئے ایک منظم تحریک چلائی جائے گی۔ میٹنگ میں کئی شرکا  کا یہ احساس بھی سامنے آیا کہ اس کے باوجود کہ قانون شریعت میں باپ کی وراثت میں بیٹی کو بھی ایک معین حصہ دیا گیا ہے تاہم بہت سارے معاملوں میں بہنوں اور بیٹیوں کو یہ حصہ نہیں مل پاتا۔ اسی طرح بیٹے کی جائیداد سے ماں کو اور شوہر کی جائیداد سے اس کی بیوہ کو محروم رکھا جاتا ہے نیز بھائی کی جائیداد میں بہن کا جو حصہ ہوتا ہے اس سے بھی بہن کو محروم رکھا جاتا ہے۔

بورڈ نے فیصلہ کیا کہ وہ وراثت میں خواتین کے حصہ کو یقینی بنانے کے لئے ملک گیر تحریک چلائے گا۔ بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے مجلس عاملہ کے فیصلہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بور ڈ میں یہ احساس بھی سامنے آیا کہ ملک میں خواتین کو متعدد قسم کے سماجی اور عائلی مسائل کا سامنا ہے، مثلاً رحم مادر میں بچیوں کا قتل، جہیز کی لعنت، تاخیر سے شادی کا مسئلہ، ان کی عفت و عصمت پر ہورہے حملے، ملازمتوں کے دوران ان کا استحصال، ان پر ہونے والا گھریلو تشدد وغیرہ۔ ان باتوں کا بورڈ نے سختی سے نوٹس لیا اور طے کیا کہ بورڈ کی اصلاح معاشرہ تحریک کے ذریعہ ترجیحی طور پر ان چیزوں کی اصلاح پرخصوصی توجہ دی جا ئے گی۔

 

ٹیگس