ہندوستان: خواتین ریزرویشن بِل کو راجیہ سبھا کی بھی منظوری
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی خواتین ریزرویشن بِل، تھوڑی دیر پہلے، پاس ہوگیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں یہ بِل گزشتہ روز ہی پاس ہوگیا تھا اور آج جمعرات کو راجیہ سبھا نے بھی خواتین ریزرویشن بِل 'ناری شکتی وندن بل' کو منظوری دے دی۔ اس بِل کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا، دہلی اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد نشستیں محفوظ کر دی جائيں گی۔ بِل کی منظوری کے وقت وزیر اعظم نریندر مودی راجیہ سبھا میں موجود تھے۔ راجیہ سبھا میں خواتین ریزرویشن بِل کے حق میں 215 ووٹ ڈالے گئے جب کہ مخالفت میں ایک ووٹ بھی نہیں پڑا۔
خواتین ریزرویشن بِل کے قانون بننے کے بعد 543 رکنی لوک سبھا میں خواتین ارکان کی تعداد موجودہ 82 سے بڑھ کر 181 ہو جائے گی۔ ریاستی اسمبلیوں میں بھی خواتین کے لئے 33 فیصد نشستیں محفوظ کی جائیں گی۔