Oct ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کانگریس کے ایک سینیئر لیڈر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حمایت کرنے سے ہندوستان کو نقصان ہوگا

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے ایک سینیئر لیڈر راشد علوی نے حکومت ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو ہدف تنقید بنائے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی حمایت کرنے سے ہندوستان کو نقصان ہوگا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: غاصب اسرائیل پر اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل پر تنقید اور اس کی مذمت کا دائرہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ غاصب اور ناجائز اسرائیلی حکومت پر تنقید اور مذمت کی اسی کڑی میں ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے سینیئر لیڈر راشد علوی کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں کانگریس پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگی ہوئی اور اس میٹنگ میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی گئی۔ کانگریس لیڈر راشد علوی نے قرارداد منظور ہونے کے بعد ایک بڑا بیان دیا جس میں انہوں نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھائے۔

راشد علوی نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی غلط ہے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں کہا کہ اسرائيل کی حمایت کرنے سے ہمارے رشتے خلیج فارس کے ممالک سے خراب ہو سکتے ہیں، ہم خلیج فارس کے ممالک سے خام تیل خریدتے ہیں اور یہ کہ خلیج فارس کے ممالک سے ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ راشد علوی نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ہندوستانی حکومت کی ایسی کیا مجبوری ہے کہ آج اس جنگ میں ایک ملک کا ساتھ دے رہے ہیں۔

 

ٹیگس