بالیوڈ کی مشہور اداکارہ سوارا بھاسکر نے ایک بار پھر فلسطین کی حمایت اور غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے
مشہور ہندوستانی فلم اداکارہ سوارا بھاسکر نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے حق میں کچھ لکھاہے اور غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: مشہور بالیوڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے سوشل میڈیا پرایک بار پھر فلسطین کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور اس بار انہوں نے غزہ کے مظلوم بچوں کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹا گرام پیج پر لکھا ہے کہ اگر وہ غزہ میں ہوتیں تو اپنی بیٹی رابعہ کی کس طرح حفاظت کرتیں؟ قابل ذکر ہے کہ 35 سالہ اداکارہ سوارا بھاسکر کی شادی رواں سال فروری میں شہریت کے قانون میں تبدیلی کے خلاف سرگرم کارکن فہد خان سے ہوئی تھی اور وہ گزشتہ ماہ ہی ایک بیٹی کی ماں بنی ہیں۔ سوارا بھاسکر نے انسٹا گرام پر اپنے طویل نوٹ میں غزہ کے بچوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جوروزانہ صیہونی جارحیت کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ اسپتالوں میں، ریلیف شیلٹروں اور عبادت گاہوں میں بچوں کو بلا کسی روک ٹوک کے بڑی طاقتوں کی اجازت سے بمباری کا نشانہ بنانا یہ اشارہ دیتا ہے کہ ہم کس تاریک اور برے وقت میں زندہ ہیں۔
سوارا بھاسکر نے دعا کی کہ اللہ غزہ کے بچوں کو مزید تکلیف اور موت سے بچائے کیونکہ دنیا تو انہیں نہیں بچائے گی۔
واضح رہے کہ سوارا بھاسکر نے اس سے پہلے بھی انسٹاگرام پیج پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف ہونے والے حملوں پر افسوس کو مناقت سے بھرپور قرار دیا تھا۔ بالیوڈ اداکارہ نے کہا تھا کہ "اگر آپ کو تب حیرانی نہیں ہوئی تھی جب اسرائیل نے فلسطین پر حملہ کیا تھا، وہاں کے لوگوں کے گھر تباہ کئے اور زبردستی چھین لئے، جب وہاں کے نوجوانوں اور بچوں تک کو نہیں بخشا گیا اور بمباری کی گئی تو پھر میری نظر میں اسرائیل کے خلاف ہوئے حملے پر افسوس کا اظہار کرنے والوں میں منافقت بھری پڑی ہے۔"