Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ایک سرکاری ہسپتال میں 14 بچّوں کو آلودہ خون چڑھایا، بچے ایڈز اور ہیپاٹائٹس میں مبتلا

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں ایک سرکاری ہسپتال کی لاپروائی کی وجہ سے 14 بچّوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک سرکاری ہسپتال میں 14 بچوں کو آلودہ خون چڑھانے کی وجہ سے یہ بچّے ایڈز  اور ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں جس سے 14 بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

خون کی منتقلی کے بعد ان بچوں کا طبی معائنہ ہوا تو پتہ چلا کہ تمام بچّے ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی انفیکشن سے متاثر ہیں جس کے بعد محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی۔ متاثر ہونے والے تمام بچے نابالغ ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انفیکشن کی وجہ یقینی طور پر بتانا بہت مشکل ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا ان سب کو یہ بیماری خون کی منتقلی کے دوران ہوئی یا وہ نجی اسپتالوں میں انتقال خون کے دوران متاثر ہوئے تھے۔؟

رپورٹوں کے مطابق بتایاجاتا ہے کہ بچوں کو خون چڑھانے سے پہلے اس کا ٹیسٹ نہیں کیا گیا تھا تاہم میڈیکل کالج انتظامیہ اس پورے معاملے کو غلط قرار دے رہی ہے۔

بچوں کے ساتھ لاپروائی کے واقعہ کے بعد یوپی کی بی جے پی حکومت تنقیدوں کے گھیرے میں ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا ہے کہ "ڈبل انجن حکومت نے ہمارے نظام صحت کو ڈبل بیمار کر دیا ہے۔ یو پی کے کانپور میں 14 بچوں کو انفیکٹڈ خون چڑھا دیا گیا، جس سے بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز اور ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسی سنگین بیماریاں ہو گئیں۔ بی جے پی حکومت کے اس ناقابل معافی جرم کی سزا معصوم بچوں کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔ کل مودی جی ہمیں 10 قراردادیں لے کر بڑی بڑی باتیں سکھا رہے تھے، کیا انہوں نے کبھی اپنی بی جے پی حکومتوں کا رتی بھر بھی احتساب کیا ہے؟"

ٹیگس