Oct ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • قطر میں ہندوستان کے 8 سابق فوجیوں کو سزائے موت

قطر کی ایک عدالت نے ہندوستان کے 8 سابق فوجیوں کو موت کی سزا سنائی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطر کی عدالت نے آج جمعرات کو اگست سنہ 2022 ٫ میں حراست میں لئے گئے 8 سابق ہندوستانی فوجیوں کو  موت کی سزا سنا دی۔ اطلاعات کے مطابق جن 8 افراد کو سزا سنائی گئی ہے وہ سب ہندوستانی بحریہ کے سابق افسران ہیں اور گزشتہ سال اگست سے قطر کی جیل میں بند ہیں۔

ادھر ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم سزائے موت کے فصلے سے صدمے میں ہیں اور تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ہندوستان کی وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہم ان لوگوں کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم کے رابطے میں ہیں۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم سبھی قانونی طریقوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور یہ کہ ہم اس مسئلے کو قطری حکام کے سامنے بھی اٹھائيں گے۔

جن افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے وہ ایک نجی کمپنی کے لئے کام کر رہے تھے تاہم ان کا جرم کیا ہے، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ بتایا گیا کہ قطری حکام کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔ قطر میں ہندوستان کے سفیر نے اس سال یکم اکتوبر کو جیل میں ان اہلکاروں سے ملاقات کی تھی۔

ٹیگس