Oct ۲۷, ۲۰۲۳ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • موت کی سزا پانے والے ہندوستانی بحریہ کے سابق افسران قطر میں کیا کر رہے تھے؟

قطر میں گزشتہ روز ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنائی گئی ہے اور آج ہندوستانی میڈیا میں ان کے بارے میں کچھ تفصیل سامنے آئی ہیں۔ مثلاً یہ فوجی افسران قطر میں کیا کر رہے تھے اور کیوں ان کو موت کی سزا سنائی گئی ہے؟

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطر میں اگست سنہ 2022 ٫ میں ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کوقطر کی خفیہ ایجنسی نے گرفتار کرلیا تھا اور تب سے اب تک وہ جیل میں ہی بند ہیں۔ اب گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبر آئی کہ ان ہندوستانی بحریہ کے سابق افسران کو قطر کی ایک عدالت نے سزائے موت سنا دی ہے۔

ہندوستانی بحریہ کے ان سابق افسران پر، میڈیا رپورٹوں کے مطابق، اسرائيل کے لئے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ گزشتہ سال اسی الزام کے تحت ان کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ ان سبھی سابق افسران کا ہندوستانی بحریہ میں 20 سال کا اچھا ریکارڈ ہے اور کئی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جن 8 سابق ہندوستانی فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی ہے وہ سبھی ایک ہندوستانی نجی کمپنی کے لئے کام کرتے تھے جو قطر کی مسلح افواج کو ٹریننگ اور دیگر سروسز فراہم کرتی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستانی بحریہ کے یہ سابق افسران ایک بے حد حساس پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔

ٹیگس