ہندوستان: ریاست کیرالہ میں فلسطین کی حمایت میں ریلی، حماس کے رہنما خالد مشعل کا ورچوئل خطاب
ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالہ میں فلسطین کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی جس سے تحریک حماس کے رہنما خالد مشعل نے بھی خطاب کیا البتہ ان کا خطاب ورچوئل تھا۔
سحرنیوز/ہندوستان: جنوبی ریاست کیرالہ کے علاقے ملاپورم (Mallapuram) میں فلسطین کی حمایت میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا اور اس ریلی سے فسطین کی استقامتی تحریک حماس کے ایک لیڈر خالد مشعل نے ورچوئل خطاب کیا۔
کیرالہ کے ملاپورم علاقے میں "سولیڈیرٹی یوتھ موومنٹ" کی جانب سے یہ ریلی منعقد کی گئی تھی۔"سولیڈیرٹی یوتھ موومنٹ" جماعت اسلامی سے وابستہ یوتھ ونگ ہے۔
دریں اثنا، فلسطین کی حمایت میں ملا پورم میں منعقدہ ریلی سے خالد مشعل کے ورچوئل خطاب کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مذمت کی ہے۔ کیرالہ بی جے پی کے ریاستی صدر، کے سریندرن، نے خالد مشعل کے خطاب کی مذمت کی ہے اور کیرالہ پولیس پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے حماس کے رہنما خالد مشعل کی شرکت کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔