Oct ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: حکومت اپوزیشن لیڈروں کی جاسوسی کر رہی ہے، راہل گاندھی

ہندوستان کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر جاسوسی کا الزام عائد کیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے آج منگل کو دہلی میں پارٹی کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کے فون ٹیپ کئے جا رہے ہیں اور ان کے دفاتر بھی اسی طرح کی سرگرمیوں کی زد میں ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا "لیکن وہ ڈرنے والے نہیں ہیں اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو ایپل Apple کمپنی کی طرف سے ایک نوٹس موصول ہوا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ حکومت کے ذریعہ آپ کے فون کو ہیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ یہی پیغام میرے دفتر کے افراد کے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈروں کے پاس بھی آیا ہے، ہمارے پاس اس کی مکمل فہرست ہے۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ حکومت اب اپوزیشن لیڈروں کی جاسوسی کر رہی ہے۔ آج ہی ایپل کمپنی کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن آیا ہے کہ آپ حکومت کے نشانے پر ہیں اور یہ کہ بہت سے اپوزیشن لیڈر اپنے ایپل فون وغیرہ کی ہیکنگ کا الزام لگا رہے ہیں۔

 

ٹیگس