Nov ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ بند کرانے کے لئے ہندوستان ایران کے ساتھ ہے: ہندوستانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں علاقے کی صورت حال اور مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کے بارے میں بات چیت کی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللہیان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ ہندوستان دیگر ملکوں کے ہمراہ غزہ میں جنگ بندی اور اس علاقے کے عام شہریوں کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل اور غزہ کے عوام کی نسل کشی رکوانے کی کوشش کرے گا۔

انھوں نے خبردار کیا کہ غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ صورت حال کے مزید پیچیدہ ہونے اور تحریک مزاحمت کی جانب سے مزید محاذ کھولے جانے کا باعث بنے گا۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی غزہ کی صورت حال کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی، صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس علاقے کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان، ایران کی کوششوں کے دائرے میں غزہ میں جنگ کا سلسلہ بند کرانے اور بحران کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

ٹیگس