Nov ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں دردناک حادثہ، 36 افراد ہلاک

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ہونے والے ایک دردناک سڑک حادثے میں 36 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں آج بدھ کے روز ایک بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس دردناک حادثے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بس کشتواڑ سے جموں جارہی تھی کہ راستے میں سڑک کے کنارے بنی 300 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔ اطلاعات کے مطابق بس پر 55 مسافر سوار تھے۔ ابھی تک کم سے کم 36 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں البتہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس اور امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ بس کو کاٹ کر اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالا گیا اور زخمیوں کو کشتواڑ اور ڈوڈا کے سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور 4 شدید زخمیوں کو جموں منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ منوج سنہا نے اس دردناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

 

ٹیگس