Dec ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: طرز زندگی کی تشکیل میں مذاہب کے کردار پر بین الاقوامی سیمینار، آیت اللہ مہدوی پور اور ڈاکٹر حداد عادل کا خطاب

ہندوستان کے مشہور شہر علی گڑھ میں طرز زندگی کی تشکیل میں  مذاہب کے کردار اور اہمیت پر بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جے این ایم سی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں ہندوستانی اور بیرونی ممالک کے دانشوروں اور مفکرین نے انفرادی، خانگی اور سماجی زندگی میں اقدار کے تحفظ، اخوت و ہم آہنگی، یکجہتی، باہمی میل جول، مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں افہام و تفہیم اور مذاکرات کی ضرور پر زور دیا۔

سیمینار کے مہمان اعزازی ہندوستان میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ مہدوی پور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام زندگی کے سبھی پہلوؤں میں معاشرے کے رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اعلی اخلاقی کردار کا مظاہرہ کرنے پر خاص زور دیتا ہے اور یہ کہ اسلامی تعلیمات میں انصاف کو مرکزیت حاصل ہے۔

ایرانی مفکر اور سابق پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر حداد عادل نے بھی سیمینار سے خطاب کیا اور کہا کہ مغربی افکار اور طرز زندگی نے مشرقی دنیا میں کنبہ کے تصور کو منفی طور پر متاثر کیا ہے جس سے انفرادی اور سماجی سطح پر اقدار کا زوال ہوا ہے۔

کانفرنس کی پہلی نشست کی صدارت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سابق شیخ الجامعہ پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ مختلف مذاہب کے رہنماؤں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا فال نیک ہے اور یہ کہ بات چیت سے اور ڈائیلاگ سے ہی تنازعات اور خلفشار کا حل نکل سکتا ہے اور ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

سیمینار کی دوسری نشست کی صدارت مسلم یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر محمد گلریز نے کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ اور افہام و تفہیم کی کوششوں کو عوام تک پہنچانا چاہئے تاکہ لوگ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں اور ٹکراؤ اور جنگ سے پرہیز کیا جائے۔

قومی کمیشن برائے درج فہرست اقوام کے سابق چیئرمین لاما چوسفیل زوٹپا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سبھی دھرموں کے لوگوں میں شانتی اور بھائی چارہ ہونا چاہئے۔ انھوں نے بدھ مت کی بنیادی تعلیمات کا ذکرکیا اور ایک دوسرے کی مدد پر زور دیا۔

کویتی مہمان حاجی مصطفیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی اقدار معاشرے کے لئے قیمتی ہیں اور مغربی اثرات اور نام نہاد ترقی کے نام پر اپنے معاشرے کو بگڑنے سے بچانا ہوگا۔

 

ٹیگس