Dec ۲۱, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 3 فوجی ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں نے فوج پر حملہ کیا ہے جس میں 3 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے راجوری سیکٹر میں عسکریت پسندوں نے ہندوستانی فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔ راجوری کے تھانہ منڈی روڈ پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر فوج کی گاڑی پر حملہ کیا، جس میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے اور 3 دیگر فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

اس واقعے کے بعد عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ شروع ہوئی جو خبر لکھے جانے تک جاری تھی۔ فوج نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور راجوری پونچھ قومی شاہراہ ہائی الرٹ پر ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق راجوری کے تھانہ منڈی علاقے میں 20 دسمبر کی رات سے آپریشن چل رہا تھا۔ 21 دسمبر کو سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر جب فوج کی دو گاڑیاں فوجی اہلکاروں کو آپریشن والے علاقے میں لے کر جا رہی تھیں تھبی عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

 

ٹیگس