ہندوستان: "اپنی صحت کا خیال رکھیں" اتنا تو اس نے کہا، پھر اس کے بعد ۔۔۔
آئی آئی ٹی کانپور میں تقریر کے دوران ایک سائنس داں نے "اپنی صحت کا خیال رکھیں" کہا اور یہ کہتے ہی دھڑام سے نیچے گر گئے، پھر اٹھ نہیں سکے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: آج کل مختلف ممالک سے اچانک موت کے واقعات کی خبریں ماضی کی نسبت زیادہ سامنے آ رہی ہیں۔ کبھی کہیں سے عین شادی کے موقع پر دل کا دورہ پڑنے سے موت کی خبر تو کہیں سے بیٹھے بیٹھے حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب کسی کے دم توڑ جانے کی خبر۔ ایسی ہی ایک خبر ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور سے موصول ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ائی آئی ٹی کانپور میں گزشتہ روز سائنس داں پروفیسر سمیر کھانڈیکر اسٹیج پر بیٹھے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ طلبا اور دیگر حاضرین سے خطاب کے دوران انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہوکر کہا کہ "سبھی اپنی صحت کا خیال رکھیں۔" اس کے بعد اگلا جملہ کہتے لیکن اسے سے پہلے ہی وہ نیچے گر گئے اور اگلا جملہ زبان سے نہیں ادا ہوسکا۔
پروفیسر کے گرتے ہی لوگ ان کی طرف دوڑے اور پروفیسر کو فورا ہسپتال لے گئے لیکن ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کو دیکھ کر مردہ قرار دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق سمیر کھانڈیکر کانپور کے میکینکل انجینیئرنگ شعبے میں سینیئر پروفیسر تھے اور سنہ 2004 میں اسسٹینٹ پروفیسر کی حیثیت سے آئی آئی ٹی کانپور سے وابستہ ہوگئے تھے۔ 55 سالہ پروفیسر سمیر کھانڈیکر کے پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹا ہے۔