ہندوستان: گجرات میں کشتی حادثہ، 14 طلبا اور 2 اساتذہ کی موت
ہندوستان کی ریاست گجرات کے علاقے وڈودرا میں ایک تالاب میں کشتی پلٹنے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی مغربی ریاست گجرات میں آج جمعرات کو وڈودرا میں واقع ہرنی تالاب میں 27 افراد کو لے جا رہی کشتی پلٹ گئی جس کے نتیجے میں آخری اطلاعات ملنے تک 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں 14 طلبا اور 2 اساتذہ شامل ہیں۔ کشتی پر سوار 27 افراد میں 23 طبا اور 4 اساتذہ شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق کشتی پر سوار سبھی طلبا وڈودرا کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھٹے تھے۔ اپنے اساتذہ کے ساتھ یہ اسکولی بچے سیر و سیاحت کے لئے ہرنی تالاب گئے تھے جہاں یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔ ماہر غوطہ خوروں اور آگ بجھانے والے عملہ کے افراد کے ذریعہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس افسوسناک واقعے پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے لئے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ نریندر مودی نے ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان کو 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے بھی اس واقعے پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ وڈودرا کے ہرنی تالاب میں بچوں کے ڈوبنے کی خبر بے حد تکلیف دہ ہے۔ میں ان بچوں کی روح کے سکون کی دعا کرتا ہوں جنھوں نے اپنی جان گنوا دی۔ میں اس تکلیف کے وقت میں متاثرہ کنبوں کے غم میں شریک ہوں۔
بتایا جاتا ہے کہ کشتی پر ضرورت سے زیادہ افراد سوار تھے جنہیں لائف جیکٹیں بھی نہیں پہنائی گئی تھیں۔