ہندوستان: شاہ رخ خان کی مداخلت سے قطر سے سابق فوجیوں کی رہائی ممکن ہوئی، مودی حکومت اس سلسلے میں ناکام رہی؛ سینیئر بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی
اس سلسلے میں سبرامنیم سوامی نے "ایکس" پر وزیر اعظم مودی کی پوسٹ کا جواب دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں گزشتہ روز لکھا کہ وہ آج (منگل کو) متحدہ عرب امارات اور قطر جا رہے ہیں۔ نریندر مودی نے لکھا کہ میں اگلے دو دنوں میں متحدہ عرب امارات اور قطر میں بہت سے پروگراموں میں شرکت کرنے جا رہا ہوں۔ اس دورے سے ان دونوں ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے سینیئر بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سبرامنیم سوامی نے کہا ہے کہ قطر میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کئے گئے بحریہ کے 8 سابق ہندوستانی فوجیوں کو فلمی اداکار شاہ رخ خان کی مداخلت سے رہائی ملی ہے اور نریندر مودی حکومت اس سلسلے میں ناکام رہی ہے۔
سبرامنیم سوامی نے وزیر اعظم کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی کو فلم اسٹار شاہ رخ خان کو اپنے ساتھ قطر لے جانا چاہیے تھا۔ کیونکہ ہندوستانی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر قطرکے شیخوں کو ہندوستانی بحریہ کے سابق فوجیوں کی رہائی پر راضی کرنے میں ناکام رہے۔ وزیر اعظم مودی نے شاہ رخ خان سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔ شاہ رخ کی مداخلت سے قطر نے ہندوستانی بحریہ کے سابق فوجیوں کو رہا کر دیا۔
واضح رہے کہ 2022 میں، قطری حکام نے جاسوسی کے الزام میں ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تھا اور عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد انہیں موت کی سزا سنائی تھی۔
اس کے بعد حکومت ہند نے سزا کی منسوخی کے لئے سفارتی کوششیں کیں۔ عدالت نے اپیل کی سماعت کی اور 28 دسمبر 2023 کو سزائے موت کو سادہ قید میں تبدیل کر دیا۔ انہیں گزشتہ پیر کوہندوستانی وزارت خارجہ کی جانب سے سادہ قید پر اپیل کے بعد رہا کیا گیا تھا۔
ادھر سپر اسٹار شاہ رخ خان کے دفتر نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ "ان کے ملوث ہونے کے دعوے بے بنیاد ہیں۔" شاہ رخ خان کے دفتر نے اس معاملے میں شاہ رخ خان کے کردار کی واضح طور پر تردید کی گئی ہے۔