Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان:  منی پور میں فسادات میں 2 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ایک بار پھر فسادات بھڑک اٹھے ہیں جن میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہيں ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور کے چورا چاند پور میں جہاں کوکی قبائل کی اکثریت ہے ایک ہجوم نے ایس پی اور ڈی سی کے دفاتر پر حملہ کردیا اور ان دونوں دفاتر کو آگ لگا دی ۔

خبروں میں بتایا گيا ہے کہ پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کے لئے فائرنگ کردی جس میں دو افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

منی پور کے چورا چاندپور میں تازہ ترین فسادات کے بعد ریاستی حکومت نے پورے ضلع میں انٹرنیٹ سروس آئندہ پانچ روز کے لئے بند کردی ہے۔ خبروں میں کہا گيا ہے کہ مشتعل ہجوم نے منی سیکریٹریٹ کے نام سے معروف کمپلیکس کے پاس کھڑی پولیس کی گاڑیوں اور کلیکٹر کی رہائشگاہ کو بھی آگ لگادی۔

اگرچہ تازہ فسادات میں مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں ریاستی پولیس نے کچھ نہيں بتایا ہے لیکن اسپتال کے ذرائع نے دوافراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ تازہ فسادات اس وقت شروع ہوئے جب یہ خبرسامنے آئی کہ کوکی قبائل سے تعلق رکھنے والے ایک پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا، منی پور میں گزشتہ برس مئی کے مہینے سے میتیئی اور کوکی قبائل کے درمیان نسلی فسادات جاری ہيں جن میں بڑی تعداد میں جان اور مالی نقصان ہوا ہے۔

ٹیگس