Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہلدوانی میں جمعہ کو کرفیو میں مزید نرمی لیکن نماز جمعہ پر پابندی

ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں آج کرفیو میں مزید نرمی کی گئی لیکن مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی رہی۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں آج فساد کے نویں دن انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ علاقے میں اگرچہ کرفیو میں مزید نرمی کی گئی لیکن مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی۔ انتظامیہ نے کہا کہ مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے، لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کرنی ہوگی۔

دریں اثنا شہر کے بن بھول پورہ علاقے میں تشدد کے 9 ویں دن آج کرفیو میں مزید نرمی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کو تشدد سے متاثرہ علاقوں میں دو کے بجائے تین گھنٹے کے لیے کرفیو میں نرمی کی جارہی ہے۔

بنبھول پورہ میں تین گھنٹے کے لیے جنرل اسٹور کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ لوگ ضروری اشیا کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر نکل سکیں گے۔ بنبھول پورہ میں ضروری اشیا کی دکانیں صبح 8 سے 11 بجے تک کھلی رہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 8 فروری کو ہوئے تشدد میں پولیس نے اب تک 6 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ایس ایس پی نینی تال پرہلاد نارائن مینا نے بتایا کہ اب تک 42 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 9 دیگر ملزمین کے خلاف جو مفرور ہیں عدالت سے اٹیچمنٹ کے احکامات حاصل کر لیے ہیں اور ان کی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔

 

ٹیگس