Feb ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہلدوانی میں انہدامی کارروائی کے بعد مسلمانوں کی جائیداد ضبطی کی کارروائی

ہندوستان ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں 8 فروری کو انہدامی کارروائی کے بعد مسلمانوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہلدوانی کے بنبھول پورہ علاقے میں 8 فروری کو ایک مدرسہ اور مسجد کو مسمار کردیا گیا تھا جس کے بعد مظاہرے ہوئے اور فساد بھڑک اٹھا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق فساد اور پولیس کی کارروائی میں 6 مسلمان جاں بحق ہوگئے تھے۔ فساد میں 100 سے زائد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اب شہر کی انتظامیہ نے مسلمانوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 فروری کو تشدد کے بعد منظم طریقے سے اترا کھنڈ حکومت مسلمانوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتا گیا ہے کہ پولیس پر تلاشی کارروائی کے نام پر گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور خواتین کے ساتھ مار پیٹ کے الزامات عائد تھے اور اب پولیس نے مزید یکطرفہ کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنا شروع کر دیا ہے۔

ادھر ہلدوانی سول کورٹ نے فساد کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبدالملک اور ان کے بیٹے عبدالمعید سمیت نو افراد کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ عبدالملک نے مدرسہ اور مسجد تعمیر کروائی تھی اور اس کے انہدام کی شدید مخالفت کی تھی۔ پولیس ایف آئی آر میں اسے فساد کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

اتراکھنڈ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ابھینو کمار نے کہا ہے کہ ہلدوانی میں تشدد کے سلسلے میں 30 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم، اے پی سی آر اور کاروانِ محبت کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے سو سے زائد افراد کو اٹھایا ہے اور سرکاری اعداد و شمار درست نہیں ہیں۔

 

 

ٹیگس