Feb ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کسانوں کے ملک گیر احتجاج کا اعلان، اب تک دو افراد کی موت

ہندوستان میں کسانوں کی تنظیم سنیکت کسان مورچہ، ایس کے ایم،  (متحدہ کسان محاذ) نے 21 فروری کو بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف ملک گیر سیاہ پرچم کے ساتھ احتجاج کی کال دی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایس کے ایم (پنجاب) نے 20 سے 22 فروری تک بی جے پی کے ارکان پارلیمان، ارکان اسمبلی، وزرا اور ضلعی صدور کے خلاف تین روزہ احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایس کے ایم نے کہا کہ وہ 22 فروری کو ایک میٹنگ منعقد کرے گا تاکہ موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے اور کسانوں کے احتجاج کے بارے میں مستقبل کے لائحۂ عمل پر فیصلہ کیا جا سکے۔

دریں اثنا 13 فروری کو شروع ہوئے کسانوں کے "دہلی چلو" مارچ کے دوران اب تک 2 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ کسانوں کے احتجاج کے درمیان پنجاب ہریانہ کے شمبھو بارڈر پر تعینات ایک پولیس سب انسپکٹر کی اچانک موت ہو گئی جس کا تعلق ہریانہ پولیس سے تھا۔ اس سے پہلے گزشتہ جمعہ کو شمبھو بارڈر پر ہی دل کا دورہ پڑنے سے ایک کسان کی موت ہو گئی تھی۔ یہ کسان گروداس پور سے احتجاج کرنے کے لئے آیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کے کسان کئی دن سے "دہلی چلو" مارچ پر نکلے ہوئے ہیں جنہیں پولیس نے پنجاب ہریانہ کے شمبھو بارڈر پر روک دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال کئے جانے کے باوجود کسان اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں اور دہلی پہنچنے کی پرزور کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس