Feb ۱۸, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • کرکٹ: ہندوستانی ٹیم کی راجکوٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت، سرفراز خان کا ٹیسٹ کیریئر کا شاندار آغاز

ہندوستان کی کرکٹ ٹیم نے راج کوٹ میں انگلینڈ کو 434 رنوں سے ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اور تاریخی جیت حاصل کی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا ذرائع کے مطابق گجرات کے شہر راجکوٹ میں یشسوی جیسوال، شبھمن گل اور سرفراز خان کی شاندار بلے بازی کے بعد گیند بازوں کی جارحانہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 434 رنوں سے شکست دے دی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں رنوں کے لحاظ سے ہندوستانی ٹیم کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے پہلے ہندوستان کی سب سے بڑی جیت 372 رن تھی، جو اس نے 2021 میں ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل کی تھی۔

پہلی اننگز میں ہندوستان نے 445 رن اور دوسری اننگز 4 وکٹ اور 430 رن پر ڈکلیئر کردی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 319 رن بنائے۔ پہلی اننگز میں ہندوستان نے 126 رن کی برتری حاصل کی اور مہمان ٹیم انگلینڈ کو 557 رنوں کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 122 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو دوسری اننگز میں یشسوی جیسوال نے ڈبل سنچری بنائی جب کہ شبھمن گل 9 رنوں سے سینچری بنانے سے چوک گئے۔ رویندر جڈیجہ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے 5 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے ہندوستانی کھلاڑی سرفراز خان نے بھی شاندارکھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سینچریاں بنائیں۔ سرفراز دونوں اننگز میں 50 سے زیادہ رن بنانے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے دلاور حسین، سنیل گواسکر اور شریئس ایئر پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 50 سے زیادہ رن بنا چکے ہیں۔

ٹیگس