ہندوستان: اترپردیش میں دردناک سڑک حادثہ، 24 افراد ہلاک
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے کاس گنج ضلع میں ٹریکٹر ٹرالی کے تالاب میں گرنے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع کاس گنج کے کوتوالی پٹیالی علاقے میں ایک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے ایک تالاب میں جا گری جس کے نتیجے میں 24 افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرالی پر 54 افراد سوار تھے۔
ٹریکٹر ٹرالی میں سفر کرنے والے سبھی افراد ہندوؤں کی ایک مذہبی مناسبت سے گنگا ندی میں نہانے جا رہے تھے۔ ٹریکٹر ٹرالی کے تالاب میں گرتے ہی جائے وقوعہ پر کہرام مچ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
اس دردناک حادثے میں بعض افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور کاس گنج کے سی ایم او نے بتایا کہ پانچ افراد ہسپتال میں داخل ہیں جب کہ دو افراد کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔ مرنے والے تمام افراد کا تعلق ایٹا ضلع کے جیٹھرا علاقہ سے بتایا جاتا ہے۔
دریں اثنا اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کاس گنج میں سڑک حادثے کا نوٹس لیا ہے اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تمام زخمیوں کا مناسب مفت علاج کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔