ہندوستان: میں نے استعفیٰ نہیں دیا، یہ سب بی جے پی کا ڈرامہ ہے: وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش
ہندوستان کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے اپنے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے استعفی نہیں دیا ہے اور ریاست میں کانگریس حکومت پورے پانچ سال چلے گی۔
سحرنیوز/ ہندوستان: شملہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش میں کانگریس میں جاری سیاسی بحران اور گردش کرتی استعفے کی خبروں کے درمیان وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ میں نے استعفی نہیں دیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ریاست میں کانگریس حکومت پورے پانچ سال چلے گی کہا کہ بی جے پی کے کچھ ایم ایل اے ان کے رابطے میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے اس بیان سے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "ہماچل میں یہ سب بی جے پی کا رچایا ڈرامہ ہے، میں ایک مجاہد ہوں، میں نہیں جھکوں گا۔ استعفے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ "مجھے نہیں معلوم یہ خبر کس نے پھیلائی ہے؟"
ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کے میڈیا مشیر یشپال شرما نے کہا کہ استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ کانگریس ہائی کمان کی طرف سے مقرر کردہ مبصرین ابھی تک شملہ نہیں پہنچے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے پھیلائی جارہی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ بی جے پی جمہوریت کوختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ پارٹی ہائی کمان کو وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے مختلف ذرائع ابلاغ نے یہ خبریں دی تھیں کہ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔