Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان:

ہندوستان کی ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل، آر جے ڈی، کے سربراہ لالو پرساد یادو نے پٹنہ میں منعقدہ ایک ریلی میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہندو ماننے سے ہی انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ "مودی تم ہندو بھی نہیں ہو۔"

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آر جے ڈی کی طرف سے "جن وشواس مہا ریلی" (عوامی اعتماد عظیم ریلی) کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیا ذرائع کے مطابق لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس ریلی سے آر جے ڈی سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے بھی خطاب کیا۔  

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ سبھی اپوزیشن پارٹیاں مل کر لوک سبھا انتخاب لڑیں گی اور مودی کو وداع کریں گی۔ لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہندو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ "مودی تم ہندو بھی نہیں ہے۔ کسی کی ماں مرتی ہے تو بیٹا اپنا بال چھلواتا (کٹواتا) ہے۔ جب تمہاری ماں کا انتقال ہوا تو تم (بال) کیوں نہیں چھلوائے؟"

ان کا کہنا تھا کہ "مودی کنبہ پروری پر بولتے ہیں، یہ بتاؤ مودی جی آپ کو اولاد کیوں نہیں ہوئی؟ تمھارے پاس فیملی ہے ہی نہیں۔" لالو پرساد یادو نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "مودی کہے تھے میری حکومت بنی تو سب کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ آئے گا۔ ہم بھی یقین کر لیے کہ ہو سکتا ہے آئے گا۔ سب کا اکاؤنٹ کھلا، لیکن 15 لاکھ نہیں آیا۔ سب کو مودی نے ٹھینگا دکھا دیا۔"

آر جے ڈی کی ریلی میں کانگریس صدر کھڑگے، کانگریس رکن پارلیمان راہل گاندھی، سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی تقریریں کیں جنہیں لوگوں نے پسند کیا اور خوب تالیاں بجاتے نظر آئے۔

ٹیگس