Mar ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سپریم کورٹ کا سی اے اے پر روک لگانے سے انکار، اگلی سماعت 9 اپریل کو

ہندوستانی سپریم کورٹ نے فی الحال شہریت ترمیمی ایکٹ، سی اے اے، پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں نوٹس جاری کیا ہے، اگلی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی ایکٹ، سی اے اے، کے خلاف داخل کی گئیں عرضیوں کی سماعت کی۔ سی اے اے سے متعلق مجموعی طور پر 237 عرضیاں عدالت میں داخل کی گئی ہیں جن کی چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا کی بینچ سماعت کر رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے سی اے اے سے متعلق داخل عرضیوں پر آج منگل کو سماعت کی اور پھر اس معاملے میں مرکز کی مودی حکومت کو نوٹس جای کردیا۔ سپریم کورٹ نے نوٹس کا تین ہفتے کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کیس کی آئندہ سماعت کے لیے 9 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

آج کی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عرضیوں اور درخواستوں کا جواب دینے کے لیے عدالت سے وقت طلب کیا۔ انھوں نے کہا کہ "237 عرضیاں ہیں جن میں اسٹے کے لیے 20 درخواستیں ہیں۔ جواب دینے کے لیے مجھے وقت چاہیے۔" پھر بینچ نے حکومت کو جواب داخل کرنے کے لیے 8 اپریل تک کا وقت دے دیا۔

دریں اثنا سپریم کورٹ نے سی اے اے پر اسٹے لگائے جانے سے متعلق عرضی دہندگان کا مطالبہ منظور نہیں کیا۔ یعنی سی اے اے پر فی الحال روک لگانے سے عدالت عظمیٰ نے انکار کر دیا ہے۔

ٹیگس