May ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • ریمال طوفان کی تباہ کاریاں، لاکھوں نقل مکانی پر مجبور

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں ریمال نامی طوفان نے دستک دے دی جس کے بعد بعض علاقوں میں اسکے تباہ کن اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق خلیج بنگال میں دیر رات کو شدید طوفان ریمال نے دستک دی جس کے بعد ایک سو پینتیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے سبب پیر کے روز کولکاتہ سمیت مغربی بنگال کے متعدد دیگر اضلاع میں کچے مکانات تباہ ہوگئے، درخت اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے اور ریلوے سگنل پوسٹ گر گئے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان ریمال کے مغربی بنگال اور اس سے جڑے بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد متعدد افراد مکان گرنے یا چھت اڑنے سے ملبے کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق سمندری طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا سلسلہ اتوار کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوا۔

ریاستی حکومت نشیبی علاقوں میں رہنے والے تقریباً ایک لاکھ دس ہزار افراد کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔ طوفان کے نتیجے میں موسلا دھار بارش ہوئی، کولکاتہ میں ایک سو چھیالیس ملی میٹر بارش درج ہوئی اور سو سے ایک سو پینتیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جس سے درخت اکھڑ گئے اور بجلی کے تار ٹوٹ گئے.

طوفان کے باعث ہندوستان اور بنگلہ دیش میں دس لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات کی جانب پلائن کرنے پر مجبور ہو گئے۔

ٹیگس