تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد مودی کے غیر ملکی دوروں کا دور شروع، ماسکو پہنچے
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندرمودی، روس کے اپنے سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: ہندوستانی میڈيا کے مطابق ماسکو پہنچنے پر ہوائی اڈے پر روس کے فرسٹ ڈپٹی پی ایم نے ان کا استقبال کیا ۔ ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہندوستانی وزیراعظم کو گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا۔ ماسکو ہوائی اڈے پر نریندر مودی کے استقبال کے لئے بڑی تعداد میں ہندوستانی عہدیداروں اور ماسکو میں مقیم ہندوستانی شہری بھی موجود تھے-
ماسکو کے لئے روانہ ہونے سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون میں توسیع کے طریقوں پر بات چیت ہو گی اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی حالات اور مسائل پر بھی بات چیت ہو گی ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان علاقائی اور عالمی مسائل پر اپنا موقف رکھنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں پائيدار امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
تیسری بار ہندوستان کا وزیر اعظم بننے اور روس و یوکرین جنگ کے بعد نریندر مودی کا یہ پہلا دورہ ماسکو ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ دورہ روسی صدر کی دعوت پر انجام پا رہا ہے- اس موقع پر نریندر مودی روسی صدر ولادیمیر پوتین سے بھی ملاقات کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کو آسٹریا بھی جائیں گے جو اس ملک کا ان کا پہلا دورہ ہو گا۔ ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا آسٹریا کا آخری دورہ چالیس سال پہلے ہوا تھا۔