ہندوستان اور پاکستان میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے عاشورا
نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72 اصحاب باوفا کی شہادت کی یاد میں ہندوستان اور پاکستان میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ عاشورا کے جلوسہای عزا بر آمد ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: ہندوستان اور پاکستان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور اور اسی طرح دہلی، ممبئی، لکھنو اور حیدرآباد سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عاشورا کے موقع پر جلوسہائے عزا برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور مجالس غم برپا ہو رہی ہیں۔ مومنین اور سوگوار شبیہ تابوت و علم اور تبرکات کی زیارت کر رہے ہیں اور بہت بڑی تعداد میں ماتمی انجمنیں منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے کربلا والوں کی یاد منا رہے ہیں۔
یوم عاشورا کے جلوسوں کے دوران روح پرور اور معنوی مناظر دیکھنے کو ملے اور جلوسہائے عزا میں شریک سوگواروں نے امام عالی مقام کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم کیا- ہندوستان اور پاکستان میں نکالے گئے جلوسہائے عزا کے راستوں میں سبیل اور نذر و نیاز کا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عاشورا کل بروز منگل منایا گیا۔قابل ذکر ہے کہ روز عاشورا محمد و آل محمد علیہم السلام پر مصیبت کا دن ہے. عاشور کے دن امام حسین علیہ السلام نے اسلام کی بقا کی خاطر اپنا بھرا گھر اور اپنے انصار کو خدا کی راہ میں قربان کر دیا، ہمارے آئمہ معصومین علیہم السلام نے اس دن کو گریہ و زاری سے مخصوص کر دیا ہے. لہٰذا عاشور کے دن گریہ و زاری، مجلس و ماتم اور عزا کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام ناظرین اور سامعین کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔