غزہ پر اسرائیلی حملہ قتل عام ہے، پرینکا گاندھی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو بنایا تنقید کا نشانہ
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے صیہونی وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے غزہ میں صیہونی حکومت کے اقدام کو قتل عام قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق پرینکا گاندھی نے جمعے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں غزہ کی المناک صورتحال کے باجود امریکہ پہنچنے پر صیہونی وزیراعظم کے پرتپاک خیرمقدم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تہذیب اور شہریت کا دعویٰ کرنے والے اسرائیل کی یہ حرکتیں قبول نہیں کی جانی چاہئیں، باوجود اس کے اسرائیلی وزیر اعظم کا امریکی پارلیمنٹ میں استقبال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اسرائیل لگاتار غزہ پر حملے کر رہا ہے جس سے وہاں ہر طرف تباہی کا منظر ہے۔ کانگریسی رہنما نے بعض مغربی ممالک کی جانب سے اسرائیل کی بربریت کی ہو رہی حمایت کو شرمناک قرار دیا۔
انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ اب غزہ میں ہو رہے قتل عام میں مرنے والے شہریوں، والدین، ڈاکٹرس، نرس، معاون اہلکار، صحافی، اساتذہ، مصنفین، شاعر، سینئر شہریوں اور ہزاروں معصوم بچوں کے بارے میں بولنا کافی نہیں ہے۔ ہر صحیح سوچ والے شخص کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس تشدد اور قتل عام کا کھل کر جواب دے۔ ساتھ ہی دنیا کی ہر حکومت کو اسرائیلی حکومت کے اس قدم کی مذمت کرنی چاہیے اور اسے روکنے کے لیے پیش قدمی کرنی چاہیے۔