Nov ۰۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • کرکٹ: ہندوستان کی قومی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ لینے پاکستان نہیں جا‏ئے گی

ہندوستان کے قومی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے اپنی ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو مطلع کر دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم دو ہزار پچیس میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے پاکستان نہیں جائے گی۔ بی سی سی آئی کے مطابق حکومت ہند نے اُسے اپنی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی دو ہزار پچیس کا آغاز اگلے برس انیس فروری سے ہونا طے پایا ہے لیکن ابھی تک اس کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ آئندہ ہفتہ کے شروع میں شیڈول جاری کر دیا جائے گا مگر اب ہندوستان کے اس فیصلے کے بعد اس میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے فیصلے کے بعد اب اگلے سال یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل پر کھیلے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ہندوستان اپنے تمام میچ پاکستان کے باہر ہی کھیلے گا۔ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ہندوستانی ٹیم نے دو ہزار آٹھ کے ایشیا کپ کے بعد سے اب تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے، تاہم اس کے برخلاف پاکستان کی ٹیم نے حال ہی میں دو ہزار تئیس کے عالمی کپ سمیت کئی آئی سی سی ایونٹ میں ہندوستان کا دورہ کیا ہے۔

 

ٹیگس