ہندوستان، کسانوں کی "ریل روکو تحریک" کا آغاز، مودی حکومت مطالبات قبول نہ کرنے پر بضد
پنجاب کے کسانوں کی پوری ریاست میں ریل روکو تحریک شروع ہو گئی ہے۔ کسانوں نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ دوپہر بارہ بجے سے تین بجے تک ریاست میں ریل پٹریوں پر احتجاج کریں گے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق ریاست پنجاب کے کسان آج پوری ریاست میں ریل روکو احتجاج کرتےہوئے فیروز پور میں ریلوے ٹریک پر بیٹھ گئے اسی طرح گروداس پور اور سونام میں بھی کسانوں نے پٹریوں پر دھرنا دیا اور اپنےمطالبات پورے نہ ہونے تک پسپائی اختیار نہ کرنے کا اعلان کیا- ہریانہ - پنجاب کے کسانوں نے شمبھو اور کھنّوری بارڈر پر یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے مطالبات کو لے کر پورے پنجاب میں ریل روکو تحریک چلائیں گے چنانچہ آج پنجاب کے کسان ریاست کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں کی پٹریوں پر بیٹھ گئے اور دوپہر بارہ بجے سے تین بجے تک ٹرین کی پٹریوں کو مکمل طور پر جام کردیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق کسان ایم ایس پی سمیت کئی مطالبات کو لے کر دہلی کی جانب کوچ کرنے پر بضد ہیں۔ ادھر، کھنوری بارڈر پر سترسالہ قد آور کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلّے وال کی انیس دنوں سے بھوک ہڑتال جاری ہے۔ وہ کسی بھی قیمت پر اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے بھی ڈلّے وال کی صحت کو لے فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔